راولپنڈی/لاہور: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستانی بولرز کی تباہ کن بولنگ کے بعد بلے بازوں نے بھی ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے سری لنکا کے 98 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنا لیے ہیں اور قومی ٹیم کو 23 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جبکہ قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے عرفات منہاس کی جگہ عامر جمال کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔

پاکستان کی پہلی اننگز کا احوال

سری لنکا کے کم اسکور کے جواب میں پاکستان کی جانب سے اذان اویس 47 رنز بنا کر ناقابلِ شکست ہیں، جبکہ ان کے ساتھ نائٹ واچ مین ثاقب خان 2 رنز پر کریز پر موجود ہیں۔ دیگر بلے بازوں میں طیب عارف نے 46 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ محمد طحہٰ اور بابر اعظم 8، 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنانڈو، لاہیرو کمارا اور پرباتھ جے سوریا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکن بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی، پوری ٹیم 98 رنز پر ڈھیر

پاکستانی فاسٹ بولرز کی تباہ کن بولنگ کے سامنے سری لنکن بلے باز بے بس نظر آئے اور مہمان ٹیم کی آدھی ٹیم 50 رنز سے قبل ہی پویلین لوٹ گئی۔ سری لنکا کی جانب سے کوشل مینڈس 32 اور سونل دینوشا 21 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ پسیندو سوریا بندارا 4، دنیش چندی مل 7، کمندو مینڈس 8، لاہیرو ادارا 4 اور کپتان دھننجیا ڈی سلوا محض ایک رن بنا سکے۔

پاکستان کی طرف سے رضا اللہ، محمد عباس اور عامر جمال نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ثاقب خان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہو گیا تھا۔