دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی  کمپنیوں نے مصنوعی ذہانت (اے آئی)  سے پیدا ہونے والے سائبر خطرات کے تدارک کیلئے عالمی سطح پر اقدامات کا مطالبہ کردیا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی اوپن اے آئی اور اس کی حریف کمپنی اینتھروپک  سمیت دنیا بھر کی 100 سے زائد تنظیموں نے ایک کھلا خط جاری کیا ہے جس میں مصنوعی ذہانت سے پیدا ہونے والے سائبر سکیورٹی خطرات کے خلاف ’سائبر دفاع کو مضبوط بنانے‘ کے لیے عالمی سطح پر اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

خط میں خبردار کیا گیا ہے کہ ’ہمارے پاس سائبر دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے محدود وقت ہے۔ آنے والے مہینوں میں جیسے جیسے دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت کے ماڈلز مزید قابل ہوتے جائیں گے اے آئی پر مبنی سائبر حملے کہیں زیادہ وسیع اور پیچیدہ ہو جائیں گے‘۔

خیال رہےکہ حالیہ مہینوں میں دنیا کی دو سرکردہ اے آئی ڈیولپر کمپنیوں، اوپن اے آئی اور اینتھروپک کے تیار کردہ جدید ترین ماڈلز کی صلاحیتوں کے حوالے سے تشویش میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔