نئے صوبوں کے قیام کے لیے وزیر داخلہ محسن نقوی کی عوامی رضامندی لینے کی تجویز نے نئی آئینی بحث چھیڑ دی، آئین کے آرٹیکل 48 اور 239کی تشریح اہم ہوگئی، وفاقی اکائیوں کی ازسرنو تشکیل پر سوال اٹھ گئے۔

 وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کیلئے عوام کی رضامندی حاصل کرنے کی تجویز نے ان قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے کہ آیا یہ اس امر کا اشارہ ہے کہ پاکستان کی وفاقی اکائیوں کی آئندہ تشکیل کا فیصلہ ریفرنڈم کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔

اگرچہ محسن نقوی نے اپنے حالیہ بیان میں واضح طور پر لفظ “ریفرنڈم‘” استعمال نہیں کیا، تاہم نئی انتظامی اکائیوں کے ڈرافٹ منصوبے کو عوام کے سامنے پیش کرکے ان کی رائے حاصل کرنے کی تجویز کو بڑے پیمانے پر عوامی رائے شماری کے ممکنہ حوالہ کے طور پر لیا جا رہا ہے۔

چند روز قبل لاہور میں نیشنل پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا تھا کہ ملک کے انتظامی نظام کی کسی بھی قسم کی تنظیم نو کسی فرد، سیاسی جماعت یا حکومت کی جانب سے مسلط نہیں کی جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا تھا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہماری پارلیمنٹ، ماہرین اور اس معاملے کے ذمہ دار افراد اس پر بحث کریں اور آخرکار ہمیں عوام کی رائے حاصل کرنا چاہیے،  ایک تجویز کا مسودہ تیار کرکے عوام کے سامنے پیش کیا جا سکتا ہے اور ان سے پوچھا جا سکتا ہے کہ آیا وہ اسے قبول کرتے ہیں یا نہیں۔