اسلام آباد ہائیکورٹ نے ضلعی انتظامیہ کو شیشہ کیفوں سے متعلق ایک ماہ میں رولز بنانے کی ہدایت کر دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے اسلام آباد کے شیشہ کیفوں کی تفصیلات طلبی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی جس دوران  آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔ 

اس موقع پر چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہا آپ کے کاروبار کا بہت احترام ہے مگر پورے کا پورا شہر تباہ نہ کریں، تمباکو کے ساتھ اگر چرس کو ملا دیا جائے تو اس کو سموکنگ ہی کہیں گے؟ایسا نہ ہو کہ کل آپ کا بھائی، آپ کے گھر والا کوئی شخص اس کا شکار ہو جائے۔

 چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نےریمارکس دیے کہ رولز بنائے بغیر اِن شیشہ کیفوں کو اس طرح نہیں چلنے دیا جائے گا، نہ کوئی رول بنا اور نہ کوئی ریگولیشنز ہیں، ایک اوپن جگہ بیٹھ کر یہ سب کچھ ہو رہا ہے، یہ تو آپ اپنی نسلیں تباہی کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔

 آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے کہا عدالتی حکم کے بعد ہم نے ان کے خلاف سخت ایکشن لیا ہے، کیفے کے مالکان کی طرف سے مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا،14 اور 15 سال کے بچے بچیاں وہاں پائے گئے،کچھ لوگوں پر ایف آئی آر درج کی ہیں اور آگاہی مہم بھی شروع کر رکھی ہے۔