راولپنڈی: پاکستان کے مڈل آرڈربیٹر سلمان علی آغا نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کے خلاف سنچری بنانے کے بعد اپنے منفرد انداز میں جشن منانے کی وضاحت کردی جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ کو زیادہ عزت دینے پر بھی زور دیا۔
اتوار کو سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 49 اعشاریہ 5 اوورز میں 305 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔سلمان علی آغا نے 90 گیندوں پر شاندار 107 رنزکی اننگز کھیلی۔یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی چوتھی سنچری تھی۔
306 رنز کے ہدف کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم 48 اعشاریہ 1اوور میں 268 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
میچ کے بعد سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے تینوں فارمیٹس میں پرفارم کرنا اہم ہے، خوش قسمتی سے ون ڈے کرکٹ میں میری کارکردگی زیادہ بہتر ہے۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ میری بیٹنگ میں تینوں فارمیٹس کےدوران کوئی تبدیلی نہیں آتی، مجھےکسی کو کچھ ثابت نہیں کرنا اور نہ ہی کسی کو جواب دینا ہے، مجھے کرکٹ پسند ہے اور پاکستان کے لیے کھیلنا اچھا لگتا ہے۔

