سندھ میں تعلیمی مسائل کو اجاگر کرنے والی فلم ’گھوسٹ اسکول‘ کی ریلیز کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ تین ماہ کی قانونی جدوجہد کے بعد سندھ ہائی کورٹ نے فلم کو بغیر کسی کٹوتی کے ریلیز کرنے کی اجازت دے دی۔
ہدایت کارہ سیماب گل کے مطابق سندھ سنسر بورڈ کی جانب سے فلم کے بعض مناظر کاٹنے کے مطالبےکے بعد انہوں نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
فلم کی کہانی رابعہ نامی 10 سالہ بچی کے گرد گھومتی ہے، جو اپنے گاؤں کے واحد اسکول کی اچانک بندش کی وجہ جاننے نکل پڑتی ہے۔ اسکول کے آسیب زدہ ہونےکی افواہوں کے پیچھے چھپی حقیقت تلاش کرتی رابعہ کی کہانی سندھ میں غیر فعال اسکولوں اور بچیوں کی تعلیم کو درپیش مسائل کو اجاگر کرتی ہے۔
فلم کی سندھ میں ریلیز کی اجازت ملنے پر سیماب گل نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جیو ڈیجیٹل کو بتایا کہ وہ ہمیشہ چاہتی تھیں کہ سندھ کے لوگ یہ کہانی دیکھیں، کیونکہ یہ انہی کے معاشرے سے جڑی ہوئی ہے۔

