این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق ملک میں جاری مون سون بارشوں اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث تیزی سے پگھلتے گلیشئرز کے پیش نظر گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے اور اس حوالے سے غذر، ہنزہ، نگر، شگر، گلگت، روندو، دیامر، استور، سکردو، گانچھے، کھرمنگ اور وادی نیلم کے علاقے حساس قرار دیے گئے ہیں۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ چترال، اپر اور لوئر دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، بونیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی اچانک سیلابی صورت حال اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ اداروں کو حساس گلیشیئرز، جھیلوں، دریاؤں اور ندی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ عوام گلیشیئر سے آنے والے دریاؤں، ندی نالوں اور دیگر خطرناک علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔

