علی اکبر خان اور عبدالصمد ارشد کے گول کی بدولت پاکستان نے دو گول کے خسارے سے شاندار واپسی کرتے ہوئے فیفا آسیان کپ میں فلپائن کے خلاف میچ 2-2 سے برابر کردیا اور ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کرلیا۔
بانڈونگ انڈونیشیا میں کھیلے گئے میچ میں علی اکبر نے قومی ٹیم کے لیے اپنا پہلا بین الاقوامی گول اسکور کیا جب کہ عبدالصمد ارشد نے دوسرا گول کرکے پاکستان کو برابری دلائی۔ یہ فیفا کے کسی مقابلے میں پاکستان کی پہلی شرکت ہے اور اس میچ میں قومی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے گول بھی اسکور کیے۔
نولبرٹو سولانو کی ٹیم کو گروپ بی کے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کے ہاتھوں 0-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن فلپائن کے خلاف پاکستان نے بھرپور حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول کے خسارے کو ختم کیا اور میچ سے ایک قیمتی پوائنٹ حاصل کیا۔
فیفا عالمی درجہ بندی میں 198ویں نمبر پر موجود پاکستان کو 136ویں نمبر کی فلپائن ٹیم نے ابتدائی لمحات میں دباؤ میں رکھا۔ پاکستانی دفاع کو مسلسل آنے والی کراسز سے نمٹنا پڑا۔ محب اللہ آفریدی نے ایک خطرناک نچلی کراس کو روکنے کے لیے خود کو گیندکے سامنے ڈال دیا جب کہ گول کیپر یوسف بٹ نے آندرے لائپولڈ کو آمنے سامنے کے موقع پر شاندار انداز میں روک لیا۔
فلپائن کو 24ویں منٹ میں برتری مل گئی۔ محب اللہ نے گول لائن پر ہیڈر کو روکنے کی کوشش میں گیند کو کراس بار سے ٹکرا دیا، لیکن سینڈرو ریز نے تیزی سے ردعمل دیتے ہوئے واپس آنے والی گیند کو جال میں پہنچا دیا۔

