7 اکتوبر 2023 کو فلسطینی مزاحمتی دھڑوں کی جانب سے ’معرکہ طوفان الاقصیٰ‘کے نام سے اسرائیل پر حملے کو تین سال مکمل ہوگئے۔

اس حملے میں 1200 اسرائیلی ہلاک ہوئے اور تقریبا ڈھائی سو کو یرغمال بنایا گیا جبکہ اس وقت سے جاری اسرائیلی جارحیت میں غزہ میں ہزاروں فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے 7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے 3 سال مکمل ہونے پر غزہ میں ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی ہے۔

رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی میں 24 لاکھ سے زائد شہری گزشتہ تین سالوں سے بدترین نسل کشی، فاقہ کشی اور نسلی تطہیر کا سامنا کر رہے ہیں۔ 

قابض اسرائیلی فورسز کے مسلسل حملوں کے نتیجے میں غزہ میں 90 فیصد سے زائد رقبے پر مکمل تباہی پھیل چکی ہے۔ اسرائیل نے زمینی دراندازی، بمباری اور شہریوں کی جبری بے دخلی کے ذریعے غزہ کے 80 فیصد سے زائد رقبے پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔