واشنگٹن: مبینہ چینی جاسوس کے ساتھ تعلقات کا اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد دنیا کی معروف امریکی چپ ساز کمپنی اینوڈیا (Nvidia) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) جینسن ہوانگ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جمعرات کے روز جاری کردہ باضابطہ اعلان کے مطابق مستقل نئے سی ای او کی تقرری تک کمپنی کی چیف فنانشل آفیسر (CFO) کولیٹ کریس (Colette Kress) عبوری سی ای او کی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ اس کے ساتھ ہی سائےنوپسس (Synopsys) کے سابق سی ای او اور بورڈ ممبر ہاروی جونز کو اینوڈیا کا پہلا باقاعدہ بورڈ چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز سے بھی علیحدگی کا فیصلہ

اینوڈیا کے شریک بانی 63 سالہ جینسن ہوانگ کمپنی کے تقریباً 3.61 فیصد حصص کے ساتھ چوتھے بڑے سرمایہ کار بھی ہیں۔ تازہ فیصلے کے تحت وہ نہ صرف سی ای او کا عہدہ چھوڑ رہے ہیں بلکہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے بھی الگ ہو جائیں گے۔

استعفے کی وجہ کیا بنی؟

جینسن ہوانگ پر حالیہ دنوں میں ان میڈیا رپورٹس کے سامنے آنے کے بعد شدید دباؤ بڑھ گیا تھا جن میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ان کے ایک ایسی چینی کاروباری خاتون کے ساتھ قریبی تعلقات رہے ہیں، جن پر امریکی سیکیورٹی حکام کو چین کے لیے جاسوسی کرنے کا شبہ ہے۔

امریکی چپ پالیسی اور عالمی مارکیٹ پر اثرات

ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق جینسن ہوانگ کی رخصتی سے امریکی چپ برآمدی پالیسی (Chip Export Policy) پر دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ ہوانگ طویل عرصے سے چینی مارکیٹ تک امریکی ٹیکنالوجی کی رسائی برقرار رکھنے کے حامی رہے ہیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بھی ان کے قریبی تعلقات تھے۔